موڑ اک پُر خطر بھی آتا ہے
اور رستے میں گھر بھی آتا ہے

عشق کی داستاں عجیب سی ہے
سنگ آتا ہے سر بھی آتا ہے

جانتے ہیں سو گھر سے نکلے ہیں
رہ میں رنجِ سفر بھی آتا ہے

اک ہیولہ ہے ساتھ رہتا ہے
چاہنے پر نظر بھی آتا ہے

لاکھ تنہائی کی منازل ہوں
راہ میں ہمسفر بھی آتا ہے

اتنا دشوار تو نہیں رستہ
گاہے گاہے شجر بھی آتا ہے

رات اچھی بھی لگتی ہے لیکن
نیند آنے پہ ڈر بھی آتا ہے
Ù+Ù+Ù+